درہ آدم (مانند نیوز)گورنمنٹ ڈگری کالج درہ آدم خیل میں سیرت النبی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج سٹاف اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک سے طالبعلم زین اللہ نے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔نعت رسول مقبول طالبعلم شہریار نے پیش کی۔اسسٹنٹ پروفیسر خیال غنی نے بارگاہ رسالت میں نعتیہ اشعار پیش کیے۔اسسٹنٹ پروفیسر خلیل الرحمٰن نے سیرت النبی پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے بہترین مشعل راہ ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق زندگی گزاریں اور موجودہ زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی عاقبت کو بھی سنواریں۔سٹیج سیکرٹری پروفیسر جاوید خان آفریدی نے نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ پر کڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ اپنی تمام تر توانائیاں حصولِ علم پر صرف کرکے اپنے ملک وقوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر جواس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم صادق و امین تھے اسی طرح ہمیں بھی چاہیے کہ ہم ان کے اصل امتی ہونے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان خوبیوں کو اپنائیں تاکہ معاشرے کا ایک کارآمد شہری بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کالج ہذا میں آپ تمام طلباء کو تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور تمام تر وسائل مہیا کیے جائیں گے۔لیکن آپ طلباء کو بھی ادارے کے نظم و ضبط کاخیال رکھنا ہوگا اور اپنی پڑھائی پر فوکس کرنا ہوگا تاکہ کل کو اپنا اور ادارے کا نام روشن کر سکیں۔اس موقع پر کالج ٹیچنگ سٹاف کا نئے سیشن کے طلبہ سے تعارف کروایا گیا۔پروفیسر خلیل الرحمٰن کی اختتامی دعا پر اس پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔