پشاور (مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد ا اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت، شفافیت انصاف کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے،انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے لیے بلین ٹری ایفارسٹیشن پراجیکٹ کے تحت صوبے میں وسیع اراضی پر پودے لگائے جارہے ہیں، یہ تحریک انصاف حکومت کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جو ماحول دوست معاشرہ کی تشکیل اور جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ار مڑ چمکنی ترناب فارم پشاور کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے دوران معززین علاقہ اور پارٹی ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے سے پوری طرح آگاہ ہے اور یہ خود ساختہ مہنگائی و مشکلات بہت جلد ختم ہو جائیں گی، نظام کی تبدیلی عوام کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے حقیقی معنوں میں ریکارڈ قانون سازی اور مفید اصلاحات کی ہیں۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول اور سرسبز و شاداب خیبرپختونخوا چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کا وژن ہے، ماحول دوست معاشرہ کے قیام کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی،حکومت صوبے کے تمام علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جس سے صفائی ستھرائی یقینی ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں ایسے منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو بہترین تفریحی سہولیات میسر ہوں گی۔وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ ہر کسی کو اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف حکومت سے بھرپور تعاون کرنا چاہئیے، ہمیں ماحول کے تحفظ اور کرپشن سے پاک پاکستان کے لیے مزید اقدامات اٹھانے ہوں گے تا کہ ملک بھر کے عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔