پشاور(مانند نیوز)قائمقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق احمدغنی نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی کمی نہیں، صرف درست رہنمائی کی ضرورت ہے۔ وہ منگل کے روز سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 15ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ قایمقام گورنر کا کہنا تھا کہ وہ ایسی تعلیم کے حق میں ہیں جس سے طلباء اور معاشرے کو مجموعی فائدہ حاصل ہو اور نہیں چاہتے کہ تعلیم یافتہ نوجوان ڈگری حاصل کرنیکے بعد بھی بے روزگار نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید و ٹیکنیکل تعلیم کی طرف جانا چاہئے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مشکلات نہ ہوں، تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کے شعبہ پر خصوصی توجہ درکار ہ۔مشتاق احمدغنی نے کہا کہ اللہ نے ہمارے ملک کو بے تحاشا قیمتی قدرتی خزانوں سے نوازا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یہ یاد رکھیں کہ آپکے بہترین مستقبل میں والدین و اساتذہ کا اولین اہم ترین کردار ہے اور ان کے توقعات پر پورا اترنے کیلئے وہ خلوص دل سے اپنی محنت جاری رکھیں۔ مشتاق احمد غنی نے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونیوالے 103 گریجویٹس میں ڈگریاں و گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔ ڈگریاں حاصل کرنیوالوں میں مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی، ایم ایس/ایم فل، ماسٹر، بیچلر اور ایسوسی ایٹ ڈپلومہ کے فارغ التحصیل طلباء شامل تھے۔ قائمقام گورنر نے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء و طالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد بھی دی۔ تقریب میں سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم الرحمان، بورڈ آف گورنرز کے اراکین اور طلباء و طالبات کے والدین بھی شریک تھے۔