لاہور (مانند نیوز ڈیسک)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں پوری اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ ملک کی تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز پہلے کبھی نہیں آئے تاہم پاکستان کے ڈیفالٹ کاخطرہ نہیں یہ صرف چندناقدین کا خواب ہی رہ جائے گا۔لاہور میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ گورنر نے وزیر خزانہ کو حالیہ کامیاب بیرونی دوروں پر مبارکباد دی اور معیشت میں بہتری کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حالیہ بیرونی دوروں میں پوری دنیا نے جس طرح پاکستانی عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے وہ موجودہ حکومت کی شفافیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری کی کوششیں کررہی ہے اور آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئیگی۔