پشاور (مانند نیوز)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے وفد نے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کی قیادت میں ایرانی کونصلیٹ پشاور کا دورہ کیا۔ اے این پی وفد نے ڈپٹی کونسل جنرل حسین مالیکی سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ، جنرل سیکرٹری حسین شاہ خان یوسفزئی صوبائی نائب صدر شاہی خان شیرانی اور ترجمان ارسلان خان ناظم شامل تھے۔ وفد نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور دیگر حکومتی اہلکاروں کی شہادت پر ڈپٹی کونسل جنرل حسین مالیکی سے تعزیت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان اور دیگر حکومتی اہلکاروں کی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے۔ ایران کے عوام کیلئے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ صدر ابراہیم رئیسی نے فلسطین کے مسلمانوں کی دوٹوک حمایت کی تھی جوکہ قابل تحسین ہے۔ انکی شہادت صرف ایران نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے ایک دردناک سانحہ ہے۔ خطے کے موجود حالات میں اس سانحے کو محض ایک عام واقعہ نہیں قرار دیا جاسکتا، واقعے کی اعلی سطح تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم صدر پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار، مضبوط اور پرامن تعلقات کے خواہاں تھے۔ پاکستان کا حالیہ دورہ انکی پڑوسی ممالک سے روابط کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ ایران کے عوام نے ان حالات میں جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔ سپریم کونسل نے بھی احسن طریقے سے حالات کا مقابلہ کیا اور امن خراب نہیں ہونے دیا۔ امید کرتے ہیں کہ نئے صدر کے انتخاب کا مرحلہ بھی خوش اسلوبی سے مکمل کیا جائے گا۔ میاں افتخار حسین نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اے این پی باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے کو مشعل راہ بنا کر دنیا اور بالخصوص خطے میں امن کی خواہشمند ہے۔ اے این پی کبھی بھی تشدد کی حامی نہیں رہی ہے، امن ہمارے خطے کی ضرورت ہے۔عوامی نیشنل پارٹی دکھ کے ان لمحات میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ شریک ہے۔عوامی نیشنل پارٹی خطے میں مستقل امن کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قونصلیٹ کے ڈپٹی کونسل جنرل حسین مالیکی نے اے این پی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے اے این پی کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ باچا خان کے پیروکاروں نے ہمیشہ عدم تشدد کا علم بلند رکھا ہے۔ ان مشکل حالات میں اے این پی نے اظہار یکجہتی سے ہماری ڈھارس باندھی ہے۔ توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ہمارے خوشگوار اور مضبوط روابط رہیں گے۔ اے این پی وفد نے حادثے پر ایران کی حکومت اور عوام کو تسلیت پیش کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے