اسلام آباد (مانند نیوز) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ 

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد اور دیگر سہولیات سے متعلق درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔ 

یہ بات وفاقی وزیر نے پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن (APDA) کے چیئرمین میاں شعیب احمد کے ہمراہ اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کی۔

اس موقع پر میاں شعیب احمد نے وفاقی وزیر سے ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کو ذاتی استعمال کے لیے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

میاں شعیب احمد نے مطالبہ کیا کہ ذاتی استعمال کے لیے درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر عائد ایک سالہ نان ٹرانسفر شرط کو ختم کیا جائے کیونکہ یہ شرط اوورسیز پاکستانیوں کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف 3 سال پرانی گاڑی درآمد کرنے کی پابندی بھی ختم ہونی چاہیے۔ 

ان کے مطابق جب کمرشل درآمد کنندگان کو پری شپمنٹ انسپیکشن (PSI) کے تحت کسی بھی سال اور ماڈل کی گاڑی درآمد کرنے کی اجازت ہے تو پھر اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مختلف سلوک کی کوئی منطق نہیں بنتی۔

انہوں نے یہ مطالبہ بھی پیش کیا کہ ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو صرف اپنے رہائشی ملک سے گاڑی لانے کی پابندی ختم کی جائے اور انہیں دائیں جانب اسٹیئرنگ رکھنے والے کسی بھی ملک سے گاڑی خرید کر پاکستان لانے کی اجازت دی جائے۔

میاں شعیب احمد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جو ترسیلات زر کے ساتھ ساتھ درآمدی ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں بھی قومی خزانے میں بھاری زرمبادلہ جمع کراتے ہیں، لہٰذا انہیں مزید سہولیات اور مراعات فراہم کی جانی چاہئیں۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اے پی ڈی اے کے چیئرمین کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کا نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ان مسائل کو حکومت کے اعلیٰ فورمز پر اٹھایا جائے گا اور ان کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے