کراچی (مانند نیوز) کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 11 آئی میں پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار 2 مشتبہ ملزمان کو روک کر چیک کرنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہونے کے لیے پولیس اہلکار پر فائرنگ کر دی۔
بُلٹ پروف ویسٹ کے باعث پولیس اہلکار فائرنگ سے محفوظ رہے جبکہ جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
پولیس نے ہلاک ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل قبضے میں لی ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت معراج عرف میری کے نام سے ہوئی ہے۔
ہلاک ملزم معراج کا بھائی میر بالاج 2024ء میں ناظم آباد میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا تھا جبکہ ملزم کا والد ابراہیم بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے چھاپے کے دوران اونچائی سے گر کر ہلاک ہوا تھا۔