لاہور(مانند میڈیا) ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ قرآن و سنت کی بنیاد پر معاشرے کو جوڑنا چاہتی ہے۔ نوجوان اسلامی جمعیت طلبہ کا دست و بازو بنیں۔ جمعیت کا نصب العین کسی شخصیت، لسانیت یا علاقے کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ”اللہ اور اس کے رسول ۖ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول” ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی نصب العین کے تحت اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی زندگی کی تعمیر اور ان کی کردار سازی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سائنس کالج لاہور میں منعقدہ نیشنل محسنِ انسانیت سیرت کوئز کمپٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔ تقریب میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوزر غفاری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسن امین، ناظم صوبہ پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان، ناظم لاہور عبداللہ عباس، معتمد لاہور سیف الاسلام اور ناظم گورنمنٹ سائنس کالج محمد بلال ساجد نے بھی خطاب کیا۔صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ اور رول ماڈل ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو سیرت النبی ۖ کے پیغام سے جوڑنے کے لیے ملک گیر سیرت کوئز کمپٹیشن کا اہتمام کیا جائے۔ جمعیت کے کارکنان نے اس سلسلے میں ملک گیر مہم چلائی اور سیرت النبی ۖ کا پیغام ہر گھر اور تعلیمی ادارے تک پہنچایا۔ناظمِ اعلیٰ نے کہا کہ جمعیت نے ماضی میں تحریک ختم نبوت میں بھی اہم کردار اداکیا،جبکہ پاکستان کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بھر پور قوت اور نتیجے میں یہ تحریک اپنے مقصد تک پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم آپ ۖ کی سیرتِ طیبہ کو سیکھیں اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی آپ ۖ کی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔ نوجوان نسل کو سیرت النبی ۖ سے جوڑ کر ہی ایک باکردار اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت کوئز کا مقصد نبی کریم ۖ کی زندگی کو سیکھنا، سمجھنا اور اس کے مطابق اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو ڈھالنا ہے