اسلام آباد (مانند میڈیا) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سہیل آفریدی کے خلاف کوئی پیغام نہیں بھیجا اور نہ ہی انہیں عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور پاکستان تحریک انصاف بھی ان کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو سمجھنا ہوگا کہ یہ حالات کو مزید خراب کرنے کا وقت نہیں، اس وقت سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ ملک کے حالات بہتر ہوں۔ ان کے مطابق صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف عدم اعتماد کی اطلاعات بعض میڈیا رپورٹس میں سامنے آئی ہیں۔ ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے اپنی بہن نورین نیازی کے ذریعے سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ چھوڑنے کا پیغام دیا اور ان کے خلاف عدم اعتماد لانے کی ہدایت کی۔ تاہم یہ دعویٰ بیرسٹر گوہر کے بیان سے متصادم ہے۔ اس سے قبل 26 ستمبر کو پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا تھا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کردیا گیا ہے اور اب مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔ بیرسٹر گوہر نے بھی کہا تھا کہ احتجاج اور لانگ مارچ کے حوالے سے اختیار سہیل آفریدی کو دیا گیا ہے اور اس بارے میں جو فیصلہ وہ کریں گے ، اسے قبول کیا جائے گا۔ سہیل آفریدی کے خلاف چلنے والی خبروں کی خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے بھی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق خبر بے بنیاد ہے۔ شفیع جان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سہیل آفریدی کے خلاف چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق چلنے والی خبر جھوٹ، بے بنیاد اور من گھڑت ہے ، جو اُن کے خلاف جاری پروپیگنڈے کا ہی ایک تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی خواہشات کو”ذرائع”کے نام سے پیش کرنے والے سن لیں، سہیل آفریدی کہیں نہیں جا رہے ، وہ 4 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب آ رہے ہیں، تاریخ یاد رکھیں۔ شفیع جان نے ٹوئٹ کے آخر میں یہ شعر لکھا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے