اسلام آباد (مانند میڈیا) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی چیئرمین شپ کھلے ، جامع اور تعمیری تعاون پر مبنی ہوگی، جبکہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں ایس سی او رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بھارت سمیت تمام رکن ممالک کے نمائندوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران باہمی اعتماد، مساوات، مشاورت اور مشترکہ ترقی کے اصول رہنما ہوں گے۔ ایس سی او کے مشترکہ وژن کو عملی اقدامات اور ٹھوس نتائج میں ڈھالنا وقت کی ضرورت ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کا موضوع ”وژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” ہے ، جس کے تحت رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ اسحاق ڈار نے ایس سی او وژن کو رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی کے ذریعے عملی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کے درمیان قریبی روابط کامیاب چیئرمین شپ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او سربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی مشاورت اور تعاون کے ذریعے تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے کام کرے گا اور چیئرمین شپ کے دوران مشترکہ ترجیحات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی