اولان باتور(مانند میڈٰیا)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثرہ ممالک کے لیے موجودہ ملکی مختص وسائل سے زائد ایک خصوصی مالیاتی سہولت قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ تجویز منگولیا کے دارلحکومت اولان باتور میں منعقدہ پچیسویں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون وزارتی کانفرنس کے موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات کے دوران پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کو جنگِ عظیم کے بعد کی تعمیرِ نو کے روایتی تناظر سے آگے بڑھتے ہوئے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز، بالخصوص موسمیاتی خطرات، سے نمٹنے کے لیے اپنے کردار کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک، جن کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ نہایت کم ہے ، موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں اور قدرتی آفات کے موقع پر انہیں مالی وسائل کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ نئی مالیاتی سہولت میں مصنوعی ذہانت اور جدید معلوماتی نظام سے استفادہ کرتے ہوئے خطرات کی بروقت نشاندہی اور مالی وسائل کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کے رکن ممالک کے لیے ایک مسابقتی علاقائی مالیاتی سہولت قائم کرنے کی بھی تجویز دی، جس کے تحت رکن ممالک علاقائی اثرات کے حامل مشترکہ منصوبے پیش کرکے مالی معاونت حاصل کرسکیں گے۔ احسن اقبال نے پاکستان میں اہم معدنی وسائل کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب معدنیات کو محض خام حالت میں نکالنے کے بجائے انہیں اعلیٰ قدر کی مصنوعات میں تبدیل کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے اور تانبے ، اینٹی منی، کرومائٹ اور نایاب معدنیات کی پراسیسنگ میں مشترکہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے اہم معدنیات میں سرمایہ کاری اور قدر افزا پیداوار کے لیے وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کا مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز دی اور علاقائی کاروباری اداروں کو 12 اور 13 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان معدنیات سرمایہ کاری فورم میں شرکت کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر نے ایم ایل ون ریلوے منصوبے کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا کہ منصوبے کی ضروری کارروائی جلد مکمل کی جائے تاکہ اس کا سنگ بنیاد جلد از جلد رکھا جاسکے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا نے یقین دلایا کہ بینک ایم ایل ون کو ایک اہم ترین منصوبے کے طور پر مکمل تعاون فراہم کرے گا اور اس کی پیش رفت کے لیے ہر ممکن معاونت جاری رکھے گا۔ احسن اقبال اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے پاکستان کی برآمدات کو 2035 تک ایک سو ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے مشترکہ مطالعاتی سرگرمیوں پر بھی اتفاق کیا، جن کے ذریعے مصنوعات اور عالمی منڈیوں میں موجود خلا کی نشاندہی کرتے ہوئے برآمدات میں اضافے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جاسکے گی۔ سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے اور اسے بہتر طور پر بروئے کار لانے کے امکانات کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ احسن اقبال نے وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کے ممالک کو مربوط ریل اور سڑکوں کے ذریعے منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان بہتر علاقائی رابطہ کاری سے وسطی ایشیا کے ممالک کو گوادر بندرگاہ تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا نے وفاقی وزیر کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے مجوزہ مطالعات پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے استحکام، پالیسیوں میں تسلسل اور مسلسل اصلاحات ضروری ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور انسانی سرمائے کی ترقی کو بینک کی اہم ترجیحات قرار دیا۔ صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان کی ترقی اور منصوبہ بندی کے لیے احسن اقبال کی طویل مدتی خدمات کو بھی سراہا اور تعلیم، سائنس، جدت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو مستقبل کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ احسن اقبال نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ملکی شراکت داری پروگرام کے تحت جاری تعاون کو سراہتے ہوئے صدر ماساتو کانڈا کو اگلے سال پاکستان میں ہونے والی وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کی وزارتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ پاکستان آئندہ سال وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کی صدارت سنبھالے گا۔ صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان میں کانفرنس کے انعقاد کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے