لاہور (مانند میڈیا) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور نے کرسچن میرج بل 2026 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن راحیلہ خادم حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بل کے محرک فیلبوس کرسٹوفر نے مجوزہ قانون سازی کے خدوخال کمیٹی کے سامنے پیش کیے۔کرسچن میرج بل 2026 کے تحت کرسچن میرج ایکٹ 1872 کو منسوخ کرکے مسیحی شادیوں کے لیے جدید قانونی فریم ورک متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت مسیحی برادری میں شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کی تجویز ہے۔بل کے محرک فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق موجودہ قانون کے تحت مسیحی شادی کے لیے لڑکے کی کم از کم عمر 16 جبکہ لڑکی کی 13 سال مقرر ہے، تاہم نئے بل میں دونوں فریقین کے لیے کم از کم عمر 18 سال رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت شادی کے دونوں فریقین کا مسیحی مذہب سے تعلق رکھنا بھی لازم قرار دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔کرسچن میرج بل 2026 میں شادی سے قبل تحریری نوٹس اور اعلانِ نکاح کا طریقہ کار وضع کرنے کے ساتھ ساتھ مسیحی شادیوں کی یونین کونسل اور نادرا میں رجسٹریشن لازمی قرار دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق موجودہ قانون کے تحت مسیحی شادی کی یونین کونسل اور نادرا میں رجسٹریشن ممکن نہیں۔مجوزہ قانون کے تحت حکومت پنجاب سے رجسٹرڈ تمام گرجا گھروں میں مسیحی طریقہ کار کے مطابق شادی کی اجازت دینے کی تجویز ہے، جبکہ مذہبی تعلیم یافتہ پادریوں کو شادی کرانے کا اختیار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ مقررہ پادریوں یا حکومت کی جانب سے مقرر کردہ میرج رجسٹرارز کو بھی شادی کی رسومات ادا کرانے کا مجاز بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔بل کے مطابق شادی کی تقریب کے لیے وقت اور دن کی کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ مسیحی شادی کم از کم دو گواہوں کی موجودگی میں انجام دینے کی تجویز ہے۔ شادیوں کا باقاعدہ ریکارڈ میرج رجسٹرز اور مقررہ فارم کے ذریعے محفوظ رکھنے کی بھی تجویز شامل کی گئی ہے۔فیلبوس کرسٹوفر نے کہا کہ کرسچن میرج بل 2026 کا مقصد موجودہ قانونی فریم ورک کو یکجا اور جدید بنانا، آزادانہ رضامندی کے تحفظ کو مضبوط کرنا اور مسیحی ازدواجی قوانین میں قانونی وضاحت یقینی بنانا ہے۔قائمہ کمیٹی کی جانب سے بل کی متفقہ منظوری کے بعد اسے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کیا جائے گا، جہاں منظوری کی صورت میں یہ مسیحی شادیوں سے متعلق نیا قانونی فریم ورک بن جائے گا