لاہور (مانند میڈیا) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صومالی فورسز کے آپریشن کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے تین پاکستانی شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ ہے۔ حکومت پاکستان کو اس واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرکے تمام حقائق قوم کے سامنے لانے چاہئیں۔اپنے ایکس بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ متاثرہ پاکستانی شہریوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائی گئی اور احتجاج بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود حکومت اور حکومتی اداروں سے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم ان کے بقول حکومت پاکستان بروقت مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ کراچی میں متاثرہ خاندانوں کے احتجاجی کیمپ کو بھی اکھاڑ دیا گیا۔ ان کے مطابق حکومت کی ناکافی کوششوں اور غفلت کے باعث تین پاکستانی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور ان کے اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ سانحہ صرف تین خاندانوں کا نقصان نہیں بلکہ پوری قوم کا نقصان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعے کی مکمل تحقیقات کرے، ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں