پشاور (مانند نیوز) ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو ملک بھر میں اہلِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ’’یومِ غزہ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ ملک بھر کی جامعات اور کالجز میں مظاہرے، ریلیاں اور مارچز منعقد کیے جائیں گے، جبکہ پشاور میں بڑا یکجہتیٔ غزہ اجتماع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل امتِ مسلمہ کو تقسیم نہیں کر سکتے، ہمارا درد اور دکھ ایک ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے احتجاج کا مقصد امتِ مسلمہ کے حکمرانوں کو خوابِ غفلت سے جگانا اور فلسطین کے غیور عوام کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستانی طلبہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ اسپورٹس کمپلیکس ملاکنڈ میں نیشنل محسنِ انسانیت سیرت کوئز کمپٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے ناظمِ صوبہ خیبرپختونخوا اسفندیار عزت اور ناظمِ ملاکنڈ ریجن اشفاق احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ناظمِ حلقۂ احباب خیبرپختونخوا ذاکر حسین، ناظمِ ملاکنڈ مقام شہاب عالم، ناظمِ جامعہ ملاکنڈ صاحب جمال اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہماری پوری زندگی کے لیے رول ماڈل ہیں، ہمیں سیرت النبی ﷺ کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔ طلبہ و طالبات کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک گیر تحریک شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں۔ پاکستان جس مقصد کے لیے وجود میں آیا، 80 سال گزرنے کے باوجود وہ مقصد حاصل نہیں ہو سکا اور ملک میں حقیقی معنوں میں نظامِ مصطفیٰ ﷺ نافذ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ طلبہ کو بیدار کرکے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں پاکستان کی آزادی کے حقیقی پیغام سے روشناس کرائے گی۔ اسلامی جمعیت طلبہ فرد اور معاشرے کی اصلاح چاہتی ہے۔ طلبہ اسلامی جمعیت طلبہ کا دست و بازو بنیں۔