اسلام آباد (مانند میڈیا) پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیار سے نواز دیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انتونیو گوتریس کو نشان امتیازملنے پر مبارکباد دی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے اعزاز میں ایوان صدر میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی کابینہ کے ارکان اور غیر ملکی سفرا نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے انتونیو گرتریس کو پاکستان کی جانب سے نشانِ امتیاز کا اعزاز پیش کیا، سیکرٹری جنرل یو این کو پاکستان کے مخلص دوست کی حیثیت سے اعزاز دیا گیا۔انتونیو گوتریس کو بین الاقوامی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز دیا گیا۔ یہ اعزاز سفارتکاری، تنازعات کے پرامن حل کے لیے انتونیو گوتریس کی خدمات کا اعتراف ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اعلیٰ اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے حکومت پاکستان کا ممنون ہوں۔ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور فراخدلی کا عینی شاہد ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اعزاز یو این میں کام کرنے والے افراد کی جانب سے قبول کرتا ہوں۔سیلاب، موسمیاتی بحران کی وجہ سے پاکستانی عوام کی تکالیف کو محسوس کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم، یکجہتی اور استقامت کا بھی معترف ہوں۔ یو این امن مشن میں پاکستانی دستے اس عظیم قوم کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستانی ایسی قوم ہے جو طاقت اور عزم کے ساتھ ہمدردی کے جذبات رکھتی ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اپنی تقریر میں علامہ اقبال کی شاعری کا تذکرہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور دنیا کے لیے بہت کچھ کیا ہے ، پاکستان کے عظیم شاعر اور فلسفی علامہ اقبال نے انسانیت کے بارے میں جو پیغام دیا وہ آج بھی اہم ہے۔ انتونیو گوتریس نے پاکستان کے ساتھ اقوام متحدہ کے تعاون اور تعلقات کو بھی اہم قرار دیا۔