اسلام آباد ( مانند میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سیریز میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، انتھک محنت اور بہترین ٹیم ورک کو سراہا۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے میدان میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے پوری قوم کے لیے خوشی کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے بالخصوص ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی اس شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ وزیراعظم نے سیریز کے دوران عمدہ کھیل پیش کرنے پر مہمان سری لنکن کرکٹ ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ کرکٹ کے فروغ اور بہترین انتظامات پر چیٔرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی اور پی سی بی کی پوری مینجمنٹ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔