کراچی (مانند نیوز)پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلاء میں تجربات کریں گے، چینی خلائی اسٹیشن پر پاکستانی سائنس دانوں کے چار تجربات ہونگے،فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی کے 32 کوئنوآ بیجوں پر خلائی ماحول کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، سائنو بیکٹیریا سے آکسیجن کی بحالی اور جدید صنعتی مواد کی آزمائش بھی شامل ہے،پاکستانی سائنسدانوں کے تحقیقی مقالے عالمی سطح پر شائع ہونگے، تجربات کے نتائج کا تبادلہ بھی ہوگا۔رپورٹ کے مطابق چین کے خلائی اسٹیشن پرپاکستان اور چین چار مشترکہ سائنسی تجربات کریں گے جن کا تعلق زراعت، حیاتیاتی تحقیق اور جدید صنعتی مواد سے ہے۔ پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران ان تجربات کے عملی مراحل میں حصہ لیں گے۔ ان تحقیقات سے پاکستانی سائنس دانوں کو خلائی ماحول میں تجربات کرنے، جدید سائنسی معلومات حاصل کرنے اور مستقبل میں زرعی و صنعتی ٹیکنالوجی کی ترقی کے نئے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔