اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)سینئر صحافی ارشد شریف کے اہل خانہ نے جسد خاکی پاکستان پہنچنے کے بعد نعش کے پوسٹ مارٹم کی درخواست کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کینیا میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچنے پر ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا، جس کے بعد لوحقین نے ارشد شریف کی نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے کا فیصلہ کیا۔ارشد شریف کے اہل خانہ کی جانب سے درخواست دیئے جانے کے بعد ممکنہ طور پر پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دیا جائے گا، جس کے بعد نعش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد گولڑہ موڑ کے قریب نجی ہسپتال کے سرد خانے میں رکھا گیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری ہسپتال کے باہر تعینات ہے جب کہ ارشد شریف کے خاندان کے چند افراد ہسپتال میں موجود ہیں۔