اورکزئی(مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر اورکزئی عدنان فرید آفریدی کی زیر صدارت اورکزئی ہیڈ کوارٹر بابر میلہ میں یوم سیاہ اور یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک عظیم الشان تقریب جمعرات کے روز منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈی پی او نذیر خان کے علاوہ انتظامی افسران، سرکاری محکموں کے افسران اور اہلکاروں، معززین علاقہ، سکولوں اور کالجوں کے طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں یوم یکجہتی اور یوم سیاہ کے حوالے سے مدلل تقاریر کرکے نئی نسل کو کشمیر کے مسئلے، پاکستان کی آزادی کشمیر کے سلسلے میں جدوجہد اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور مظلوم کشمیری قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم سے متعلق تفصیلی اور تاریخی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آزادی کی روشن صبح کے طلوعِ تک ہر سطح پر بہادر کشمیری قوم کی مدد و حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ سے ثابت ہے کہ ظلم کی سیاہ رات خواہ کتنی ہی طویل ہو، ختم ہو کر رہتی ہے۔تقریب کے آخر میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کے دوران کشمیری قوم کی عظیم جدوجہد کی حمایت اور ظالم و غاصب بھارت کے ظلم کے خلاف نعرے لگائے گئے۔