کوہاٹ (مانند نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں جاری7 روزہ انٹر گرلز کالجز سپورٹس گالا 2022 اختتام پذیر ہوگیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کوہاٹ رینہ سہروردی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اورانفرادی انعامات تقسیم کئے۔ مذکورہ سپورٹس گالامیں کرکٹ، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال،رسہ کشی اور ایتھلیٹکس(100 میٹر،200 میٹر دوڑ، جیولن،ڈسکس تھرو، شاٹ پٹ اور ہائی جمپ) کے مقابلے ہوئے۔ گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ نے بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،والی بال،100 میٹر دوڑ،جیولن،ڈسکس تھرواور شارٹ پٹ کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی تاہم ہائی جمپ میں گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ اورگرلزڈگری کالج بلی ٹنگ نے مشترکہ طورپرپہلی پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلی ٹنگ نے رسہ کشی اور200 میٹر دوڑ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کرکٹ میچ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کرک کے نام رہا۔ مہمان خصوصی رینہ سہروردی نے انٹر گرلز کالج سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر محکمہ سپورٹس کی کارکردگی کو سراہا اورآئندہ بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس قسم کی مثبت سرگرمیوں کی مکمل سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے سپورٹس گالا میں شریک فی میل کھلاڑیوں کی بھی بھر پور حوصلہ افزائی کی اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کی تاکید کرتے ہوئے اسے جسمانی و ذہنی نشونما کیلئے انتہائی اہم قراردیا۔