سوات(مانند نیوز) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے اخون بابا میں گورنمنٹ ڈگری کالج(بوائز) سیدو شریف کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر تعمیر کالج کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام میں پیشرفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چئیرمین ڈیڈیک سوات کو بتایا گیا کہ بلڈنگ پر تیزی سے کام جاری ہے اور مقررہ وقت پر تعمیر مکمل کیا جائے گا۔ دورے کے موقع پر چیئرمین ڈیڈیک نے متعلقہ حکام، ٹھیکیدار اور سائٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کو کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل اور طویل مراحل طے کرنے کے بعد کالجوں کی منظوری لی گئی ہے اور اس ضمن میں فنڈ کا اجراء یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا بہتر تعمیراتی کام سے اس محنت کا ثمر سوات کے نوجوانوں تک منتقل ہوگا اور یہاں ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں تعلیمی سہولیات میسر آئیں گے۔ چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی توجہ اور نگرانی کی بدولت سوات میں ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں انقلابی ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور جلد ہی سوات اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نا صرف سوات کے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کر پائے گا بلکہ دیگر اضلاع اور ملک کے دیگر علاقوں سے بھی طلبا و طالبات حصول علم کے لئے سوات کا رخ کریں گے۔ یاد رہے کہ اخون بابا سیدو شریف میں گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز 24 کروڑ 32 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے جبکہ طلبا کو ایڈمیشن میں حائل مشکلات کے پیشِ نظر کلاسز کا اجراء رینٹل بلڈنگ میں پہلے سے ہی کیا جاچکا ہے۔