کرم (مانند نیوز)قبائلی ضلع کرم سے منتخب سات چیئرمین ویلج کونسلز بمعہ سینکڑوں ساتھی اور ووٹرز نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان وفاقی وزیر اور خیبر پختونخوا کے نائب صدر ساجد حسین طوری سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین ویلج کونسلز کے وفد کی قیادت پیپلز پارٹی کے تحصیل صدر حشمت حسین بنگش کر رہے تھے۔ جہاں پر پی پی پی چیئرمین ملک سید اصغر اور پی پی پی چئیرمین ملک اجمل حسین ان کے ہمراہ موقع پر موجود تھے۔ وفد میں چئیرمین چیرمین ملک لائق حسین، چیرمین مظاہر حسین، چیرمین واحد حسین، چیئرمین سید وسیم حسن، چیرمین محمد ھادی شامل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی قیادت میں کرم کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ منتخب نمائندوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ضلع کرم کے امن، علم، صحت اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لئے ایک منفرد کردار ادا کیا ہے اور عوام کے لیے ان کی گرانقدر خدمات قابل ستائش ہیں۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے منتخب عوامی نمائندوں اور ان کے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کی قیادت اور پارٹی پالیسی پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے اور ملک کو مشکلات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کی قیادت میں انشاء اللہ اپنے علاقے اور ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پرامن اور عوام دوست سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ ملک میں افراتفری اور شورش پھیلانے کی مخالفت کی ہے۔پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے چیئرمینوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی حکمت، وژن اور فہم و فراست کی پالیسی ہی ملک کو موجودہ مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور عوامی امنگوں کی نمائندہ جماعت ہے اور آج پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوشی اور فخر محسوس کر رہے ہیں۔