اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کو کورال چوک سے روات تک ریلی کی اجازت مل گئی۔اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی نکالنے کی اجازت دے دی ہے، اور اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان کی درخواست پر این او سی جاری کردیا ہے۔علی نواز اعوان نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی، اور ریلی کے لئے درخواست پیش کی، تاہم ریلی کی اجازت ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے دی۔ اسلام آباد سے تمام چھوٹی ریلیاں کورال چوک جمع ہوں گی، اسلام آباد ریجن کے شرکا روات میں مارچ کا حصہ بنیں گے اور عمران خان اپنے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔پی ٹی آئی کو ریلی نکالنے کے لئے 35 شرائط کی پابندی کرنا ہو گی، پی ٹی آئی کو ریلی کی اجازت صرف کورال چوک سے روات تک روٹ کے لئے دی گئی۔این او سی کے مطابق ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا، کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، سرکاری اور نجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔این او سی میں کہا گیا ہے کہ ریلی کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی، ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی، سپیکر اور لاؤڈ سپیکر کا استعمال مروجہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی اور کسی جماعت کا جھنڈا نذر آتش کرنے کی اجازات نہیں ہو گی۔میونسپل کارپوریشن کے قواعد ضوابط پر بھی عملدار یقینی بنایا جائے گا، ایونٹ میں پاکستانی اقدار کی بھی پاسداری کی جائے گی، ریلی کے منتظمین شرکا کی چیکنگ اور اندرونی سکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے، کسی خطرے کی صورت میں ریلی کے منتظمین انتظامیہ کو معلومات فراہم کرے گی۔، شقوں کی خلاف وزری کی صورت میں این او سی منسوخ کر دی جائے گی۔شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔