پشاور(مانند نیوز ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 16 نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کردیئے۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر کے نوٹس لینے پر سٹی ٹریفک پولیس نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں 16 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کردیا جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین کو ان کے بچوں کے ون ویلنگ بارے بذریعہ فون آگاہ بھی کیا گیا جس کو والدین کی جانب سے سراہا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔