اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ٹیلفونک رابطے کئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تینوں رہنماؤں کو فون کیا اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اسمبلی اجلاس کو غیر آئینی قرار دینے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومتی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے آئین اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ حکومتی رہنماؤں کا موقف ہے کہ آئین کا آرٹیکل 130 اور پنجاب اسمبلی کے قواعد واضح ہیں اور اگر پرویز الہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکمران اتحاد نے آئینی و قانونی ماہرین سے بھی مشاورت مکمل کر لی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد جمع ہو جائے یا اعتماد کے ووٹ کا معاملہ ہو تو اجلاس گورنر ہی بلائے گا، گورنر پنجاب کے بلائے اجلاس کو اسپیکر روک نہیں سکتا۔