سوات(مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے اتوار کے روز مسیحی برادری کی خصوصی دعوت پر ان کے سالانہ مذہبی تہوار کرسمس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،ایس ٹی لیوک چرچ گلکدہ پہنچنے پر چرچ کے پادری قیصر شہباز نے کمشنر ملاکنڈ کو خوش آمدید کہا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی اور دیگر انتظامی آفیسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے، کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ مسیحی برادری ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کیلئے ہر طرح سے کام کر رہی ہے،انھوں نے کہا کہ ہمارا مذہب تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی کا درس دیتا ہے اور آئین پاکستان کی رو سے بھی ان کو تمام حقوق حاصل ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں پر تمام اقلیتیں اپنی مذہبی عبادات اور تہواریں مکمل آزادی کیساتھ مناتی ہیں، کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں،انھوں نے مذید کہا کہ تمام مذہبی تہواروں کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور خوشیوں کو باہمی طور پر بانٹنا ہے،انھوں نے مزید کہا کہ کرسمس کو پیارو محبت کے درس کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ میں اس خوشی کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، کمشنر ملاکنڈ نے اس خوشی کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے ظہرانیکا اہتمام کرنے کا اعلان بھی کیا، اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ نے دوسرے آفسران کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔