وانا (مانند نیوز) لوئر وزیرستان کے صدر مقام وانا میں میجر جنرل ہارون حمید چودھری کے ساتھ امن کے حوالے قبائلی عمائدین و علماء کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جسمیں کمانڈنٹ ایس ڈبلیو ایس اویس شمیم الطاف، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اشفاق احمد خان کے علاوہ علاقے کے چیدہ چیدہ مشران نے جرگہ میں شرکت کی۔ جرگہ میں شامل عمائدین نے مشترکہ طور پر کہا کہ اس مٹی کو بیرونی دہشتگردوں سے صاف کرانے میں یہاں کے عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور احمدزائی وزیر پچھلے 20 سالوں سے افواجِ پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے میں پیش پیش رہے۔ 2007 میں بیرونی عناصر کو اپنی مٹی سے بے دخل کرانے میں فرنٹ لائن پر مقابلہ کرکے اپنے علاقے میں مثالی امن قائم کیا۔ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل ہارون حمید چودھری نے کہا کہ یہاں دھرنوں میں لوگ ریاست سے بار بار امن چاہتے ہیں۔ اگر مقامی مشران ہمارے ساتھ تعاون کریں تو پھر اسی صورت امن قائم ہوسکتا ہے اور شرپسند عناصر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقی و خوشحالی اس وقت آئے گی جب علاقے میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ شرپسند عناصر کو اجتماعی کوششوں سے وانا سے نکالیں کیونکہ مقامی عمائدین علاقے کے ذمہ دار لوگ ہوتے ہیں ان کے مکمل تعاون سے اقدامات اٹھانے سے علاقہ میں امن آئے گا۔ انہوں نے جرگہ عمائدین سے کہا کہ آپ شرپسندوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کریں اور جو ہتھیار نہیں ڈالتے ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔ انہوں نے کالے شیشوں کی گاڑیوں کو 27 دسمبر کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئیکہا کہ اس کے بعد سیکیورٹی فورسز بلا امتیاز کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی شروع کریں گی۔