کوہاٹ (مانند نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے نئے تعمیر شدہ جدید اور تمام سہولیات سے آراستہ تھانہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کی عمارت کا افتتاح کردیا۔ گزشتہ روز کوہاٹ میں سی ٹی ڈی تھانے کی افتتاحی تقریب کے دوران ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طاہر ایوب، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ عبدالرؤف بابر قیصرانی، ایس پی آپریشنز کوہاٹ بلال احمد، ایس پی سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن فضل واحد، ایس پی سپیشل برانچ خان اکبر آفریدی، ایس پی ایف آر پی کوہاٹ ریجن امان اللہ اور سی ٹی ڈی افسران سمیت ضلعی پولیس حکام بھی موجود تھے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کو سی ٹی ڈی بلڈنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے بلڈنگ کی تعمیر مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہونے پر خوشی کا اظہارکیا۔ آئی جی پی نے تھانہ سی ٹی ڈی کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا اور تھانے کی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود سی سی ٹی وی کے الیکٹرانک مانیٹرنگ نظام کا بھی معائنہ کیا۔ آئی جی پی نے تھانے کے دفاتر،رہائشی بیرکوں، حوالات، انوسٹی گیشن سیل اور مختلف کاؤنٹرز میں جاکر ہر ایک شعبے کی کارکردگی اور دستاویزی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔آئی جی پی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں ایسی مزید بلڈنگ تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پولیس کو جدید ساز و سامان اور آلات حرب سے لیس کریں گے۔بلڈنگ کا تعمیراتی کام مکمل ہوتے ہی جدید گاڑیاں،اسلحہ اور تھانے میں استعمال ہونے والا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔آئی جی پی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کے قیام کا مقصد دہشت گردی اور مختلف جرائم کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔سی ٹی ڈی کی بھرپور کاروائیوں سے صوبہ بھر میں امن وامان کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس کو بھی جدید طرز پراستوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہروں میں جو چھوٹے موٹے واقعات رونما ہو رہے ہیں ان کا بھی خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔آئی جی پی کا کہنا تھا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔ ہر کسی کو قانون پر عمل کرنا ہوگا۔ صوبے میں شہدا کی قربانیوں سے قائم امن وامان کو خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی جو بھی شخص امن و امان کو خراب کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے قریبی اور دوستانہ تعلقات سے مختلف جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے لہٰذا موجودہ حالات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے پولیس اہلکاران کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔بعد ازاں آئی جی پی نے پولیس حکام کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔پولیس کلب کوہاٹ میں منعقدہ اجلاس میں آئی جی پی کو کوہاٹ ریجن میں امن و امان، جرائم کی شرح اور پولیس کی استعداد کار اور انسداد جرائم کے حوالے سے کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آئی جی پی کو قبائلی اضلاع سمیت کوہاٹ ریجن کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کے کاؤنٹر ٹیررازم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات، پیشہ ورانہ کارکردگی اور اہم کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر آئی جی پی نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردی اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما خیبر پختونخوا پولیس امن کی ضامن بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور سی ٹی ڈی سمیت صوبے کی پولیس فورس کی انفراسٹرکچر اور مالی مراعات کو مطلوبہ ضروریات کے مطابق لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور قیام امن کے مقاصد کو حاصل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔