اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے، محکمہ موسمیات نے آج (ہفتہ) سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی، جس کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکوں میں رکاوٹوں کا بھی خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو بارش اور برفباری کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایات کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے دھند میں کمی کا امکان ہے تاہم سردی مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان کے علاقوں میں آج سے داخل ہو ئیں، مغربی ہوائیں آئندہ 2 روز تک بالائی علاقوں میں اپنا اثردکھائیں گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں پنجاب، سندھ اوربلوچستان کے اکثر مقامات پرموسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ اسلام آباد میں موسم سرداورمطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں ہلکی بارش اوربرفباری متوقع ہے۔