پشاور (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے ماحولیات، ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے راستے پہ گامزن ہے اور وہ دن دور نہیں جب صوبے میں ہر شعبہ زندگی شفافیت اور میرٹ کی بالادستی سے ہمکنار ہوگا، تعلیم و صحت سہولیات کی فراہمی اور صنفی امتیاز کے خلاف خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی شفافیت پر مبنی منشور کے تحت بہت جلد پی ٹی آئی ایک بار پھر واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک شمولیتی تقریب کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر متعدد لوگوں نے اپنی اپنی پارٹی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔صوبائی وزیر نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی بہتر کارکردگی اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ملک کی مقبول جماعت بن چکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ روزانہ کی بنیاد پر جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ اشتیاق ارمڑ کا مزید کہنا تھا کہ نامساعد اور گھمبیر صورتحال کے باوجود صوبائی حکومت اور صوبائی نمائندے عوامی مسائل کے حل لئے ہر وقت کوشاں رہتے ہیں اور بہت جلد صوبے سمیت پورے ملک میں آسودگی اور فلاح کا سورج طلوع ہوگا۔ صوبائی وزیر نے جاری ترقیاتی اور دیگر منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبوں کی بروقت شفاف تکمیل حکومتی اداروں کا مقصد ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے مہنگائی بام عروج کو چھو رہی ہے جسکی وجہ سے معاشرے کے ہر فرد کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے جان چھڑانے، افلاس اور استحصال مٹانے اور فلاح و بہبود کے حصول کے لئے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہے اور وہ دن دور نہیں جب مسائل کی تاریک رات مٹ کر فلاح و بہبود کا پرنور صبح سورج طلوع ہوجائیگا۔