ایبٹ آباد (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت نے ہدایات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ تمام محکمہ جات سروسز کی فراہمی کے بعد جلد از جلد سڑکوں کی دوبارہ بحالی کو یقینی بنائیں اس کے ساتھ ساتھ ایس این جی پی ایل، پی ٹی سی ایل سٹرکوں کی بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کریں۔یہ دایا ت انہو ں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں یوٹیلیٹی سروسز کی فراہمی کے بعد سڑکوں فٹ پاتھ اور پائپ لائنز کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کے اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے جا ری کیں۔ انہو ں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سوئی گیس کے ساتھ ساتھ دیگر سروسز جن میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ، بجلی کی سروسز کی فراہمی کے لیے سڑکوں کی کھدائی کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں ان کوجلد از جلد ٹھیک کیا جا ئے۔ اجلاس میں ایس این جی پی ایل کی جانب سے بریف کیا گیا کہ 14 کلو میٹر لمبائی میں سے نو کلو میٹر سڑکوں پر کام کو مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی 5 کلو میٹر پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ایس این جی پی ایل کو 3 ہفتے کے اندر بحالی کے کام کو مکمل کرنے کی ہدایت کی اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر کو تمام تر کام کی نگرانی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام محکمہ جات کو ہدایت کی کہ وہ سروسز کی فراہمی کیساتھ ساتھ سڑکوں کی بحالی کو اپنی نگرانی میں بحال کرنے کے پابند ہوں گے تا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ثقلین سلیم، چیف انجینئر آپریشنز انعام یوسفزئی، سپرٹنڈنٹ انجینئر محمد شفقت، سپرٹنڈنٹ ایس این جی پی ایل عدنان اسلیم، انجینئر واثق صفدر اسسٹنٹ مینجر، سردار سہیل اے ٹی او آئی ٹی ایم اے، وسیم حنیف ایبی ایم پی ٹی سی ایل، زاہد امین ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔