پشاور(مانند نیوز)پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کا شمار ملکی معیشت کے بڑے شعبوں میں ہوتا ہے۔لوگ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کے معاملے میں پہلے سے کہیں زیادہ دلچسپی لینے لگے اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر سب سے زیادہ ترقی کرنے والے شعبوں میں ایک منفرد پہچان کے ساتھ ابھر کر سامنے آیا۔ ان خیالات کا اظہار پرائم ہاوسنگ اسکیم مردان میں دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن کے ایک اہم اجلاس سے صدرعمیر خان اتوزئی، وسیم عباس،پیر سیلمان، ناصر خان امازائی، سیدفدا محمد،ملک عتیق اللہ،حسن الماب،الیاس شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہو ئے کیا،اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سب سے پہلے دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کو عملی جامہ پہنایا جائیگا اور رجسٹر ڈ کمپنیوں کو ممبر شپ دینا ہے اس کے علاوہ باہمی مشاورت سے ترجیحی بنیادوں پر ایسوسی ایشن کی پالیسی بنانا ہے،اجلاس میں دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن کیلئے لیگل ایڈوائزر اور چئیر مین بنانے پر اتفاق کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے شرکا نے کہا کہ پاکستان کے بڑے شہروں کی طرح ضلع مردان میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان آئے روز بڑھ رہا ہے۔ اور مردان میں جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ متعدد منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جن پر ترقیاتی کام جاری ہیں جس کی بنا پر یہ صنعت مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پڑھے لکھے اور بڑے سرمایہ کار اس سیکٹر کی طرف راغب ہیں۔پاکستان دنیا کی سب سے بڑی اور تیزی سے ترقی کرنے والے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کا گڑھ بن چکا ہے۔پاکستان کی ترقی میں رئیل اسٹیٹ اور کاروباری برادری کا اہم کردار ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ بعض مفاد پرست عناصر نے رئیل اسٹیٹ کے نام کو بدنام کیا ہے، دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن کا مقصد رئیل اسٹیٹ اداروں سے وابستہ افراد، انوسٹرز کااعتماد بحال کرنا ہے۔