صوابی(مانند نیوز) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن ، انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ جنیوا ڈونرز کانفرنس پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اور خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کا پوری دنیا نے اعتراف کر لیا۔ مشیر نے کہا کہ ساڑھے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد اس مشکل وقت میں بہت بڑی بات ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی اور تمام عالمی اداروں کا پاکستان کی موجودہ حکومت پر اعتماد کا ثبوت ہے۔انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ اصلی آٹا اور گندم چوری کا پتہ تک نہیں چلا کہ کس طرح اس کی ذخیرہ اندوزی کی گئی اور قوم کو مشکل میں ڈالا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے۔پی حکومت نے اپنی سیاست بچانے کیلئے پوری قوم بالخصوص کے-پی کی عوام کو مشکل میں ڈالا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران مگرمچھ کے آنسو بہا کر اب مہنگائی کے خلاف احتجاج کی باتیں کر رہے ہیں۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف پنجاب میں پی۔ٹی۔آئی کی ہی حکومت ہے اور دوسری طرف کے۔پی میں بھی مگر آج بھی پنجاب میں چیک پوسٹوں پر کے۔پی کی عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح صوبائی حکومت کے۔پی کے گوداموں میں گندم سٹور کر کے افغانستان منتقل کر رہے ہیں مگر ان کا اصل چہرہ آج پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔انجینئر امیر مقام نے آج ضلع صوابی میں شیراز اکرم باچا اور اعجاز اکرم باچا کے حجرے میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ مشیر نے صوابی میں اعجاز اکرم باچا کے والد کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ ہم پہلے بھی ایک تھے اور آئندہ بھی ایک رہیں گے انشاءاللہ۔