ہنگو(مانند نیوز) مہنگائی نے عوام سے عزت نفس چھین لی، سیاسی قیادت ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے میں مصروف ہے، مرکز ہو یا صوبے ہر طرف بیڈ گورنس اور بد حالی ہے، ادارے اور حکومتیں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں سنجیدگی دیکھائیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے صدر گل صاحب شاہ، سئینر نائب صدر سید اخان شینواری، جنرل سیکریٹری ضلع ہنگو طارق محمود مغل، سیکریٹری اطلاعات فخرالسلام کاکا خیل، جائینٹ سیکریٹری منظور خان نے مشترکہ پریس ریلیز میں کیا۔انہوں نے کہا کہ غربت کا دور دوراں ہے ہر طرف مہنگائی نے پنجے گاڑ رکھے ہیں غریب عوام سمیت پوری قوم کی عزت نفس داو پر لگی ہے اور مرکز اور صوبوں میں نا اہل اور کرپٹ حکمران ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے میں مصروف ہیں ایسے میں بد امنی اور مسائل جنم لے سکتے ہیں۔گل صاحب شاہ اور دیگر پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے عہدیداروں نے واضح کیا کہ ملک میں مسائل کے حل کے لیے سیاست دانوں کو بچوں کی طرح کے رویے سے اجتناب کرنا چاہیے اور ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جن کی بدولت مہنگائی میں کمی لائی جا سکے اور پاکستان کے مصیبت زدہ طبقے راحت محسوس کر سکیں۔