اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے ورثا سے اظہارِ تعزیت کی ہے۔ صدر مملکت نے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت اور ورثا ء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔