پشاور (مانند نیوز) غیر سرکاری تنظیم آئی آرایس پی کے پروجیکٹ کوارڈینیٹرعزیز احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں ووٹ کا استعمال مرد کی طرح ہر عورت پر بھی لازم ہے، اس لیے جہاں جہاں عورت کے معاشرتی طور پر ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی ہے یا قبیلے کی جانب سے کسی متفقہ نمائندے کو ووٹ ڈالنے پر زبردستی دبائو ہے تو اس سماجی رجحان کے خاتمے کے لیے موثر جدوجہد کرنی ہوگی،سیاسی شعور کی بیداری کے لیے بھی بنیادی اقدامات نجی اور قومی سطح پر اٹھانے ہوں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں فافن، ٹی ڈی ای اے اور آئی آر ایس پی کے تعاون سے ’’انتخابات کے مختلف مراحل میں خواتین کے مسائل پر تکنیکی رپورٹنگ ‘‘کے حوالے سے صحافیوں کے ساتھ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،انہوں نے کہا کہ ووٹ کے درست استعمال سے اچھے لیڈر کو آگے لایا جا سکتا ہے، حقیقی جمہوریت سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔ دنیا سے اب رنگ نسل، مذھب اور ذات پات کے فرق کو ختم کیا جا چکا ہے پر بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہ فرق اب تک موجود ہے جس کو ووٹ کی طاقت سے ختم کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گاں اور علاقوں میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں اور خاص طور پر دیہات کی خواتین کے ووٹ کا اندراج کرائیں کیونکہ ہمارے ہاں خواتین کی تعداد 50 فیصد سے زائد ہے۔ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں خواتین کی تعداد بہت کم نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے اور اس کا درست استعمال سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہخواتین ہمارے معاشرے اور سیاست میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ مختلف سٹڈیز سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاست میں خواتین کی تعداد جتنی زیادہ ہو، وہ خواتین کے خلاف ہراسیت اور صنفی برابری کی بنیادی شرط کی تکمیل پر اتنی زوردار طریقے سے آواز بلند ہوتی ہے۔ فیصلہ سازی میں جیسے جیسے خواتین کی نمائندگی بڑھتی جاتی ہے، خواتین پر سیاسی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک کی قیادت اس وقت خواتین کے ہاتھ میں ہے،انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے سیاست میں خواتین کا کردار موثر بنانے کی ضرورت ہے،صحتمند معاشرے کے پیچھے مثالی عورت کا کردار ہوتا ہے، خواتین کا سیاسی کردار اسلامی اقدار کے مطابق رکھنا ہوگا، حوصلہ افزائی کے بجائے خواتین کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے‘ خواتین پارلیمنٹرین اپنی صنف اور تعلیم و صحت سے متعلق بہتر قانون سازی کرسکتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی بھی ہے کہ پارلیمانی خواتین کو متعلقہ شعبوں میں زیادہ سے زیادہ خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے۔ خواتین کسی بھی معاشرے کا نصف حصہ ہوتی ہیں اور مردوں کی طرح ان کا بھی ملک و قوم کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ہوتا ہے،ہمارے عام حالات پر نظر دوڑائی جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہاں بھی خواتین کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو برابری کی بنیاد پر یا ان کے حقوق کی بنیاد پر دی جانی چاہیے۔