کوئٹہ(مانند نیوز ڈیسک)کوئٹہ کی عدالت نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ نے حکم دیا ہیکہ عمران خان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو حاضر کیا جائے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ 5 مارچ کو بجلی روڈ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔مقدمہ عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر درج کیا گیا جس میں بغاوت کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔درخواست گزار نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جبکہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف بلاجواز اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت بھی پھیلائی۔عدالتی احکامات سے متعلق پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے جلد پولیس ٹیم لاہور روانہ ہو گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھی۔ان میں سے ایک درخواست کوئٹہ میں درج مذکورہ مقدمے کے حوالے سے بھی دائر کی گئی تھی۔