پشاور(مانند نیوز ڈیسک)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی پشاور میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا۔ گھی سمیت چاول اور دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیاگیا۔پانچ کلو گرام گھی کی قیمت 3000روپے تک پہنچ گئی جبکہ گوشت اور مرغی کی قیمتوں میں بھی تسلسل کے ساتھ اضافہ جاری ہے جس کے باعث متوسط اور دیہاڑی دار طبقے کی قوت خرید جواب دے گئی۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے اور مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیاگیا ہے۔رمضان سے پانچ کلو گرام گھی کی قیمت تین ہزار روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق رمضان کے مہینے میں گھی کی قیمت مزید بڑھنے کا بھی امکان ہے۔اسی طرح گائے کا گوشت 800روپے کلو تک جا پہنچا ہے جبکہ مرغی فی کلو450روپے سے کم میں دستیاب نہیں۔ذرائع کے مطابق رمضان سے قبل ذخیرہ اندوز بھی سرگرم ہو گئے ہیں۔اسی طرح مارکیٹ اور بازاروں میں فی کلو گرام دال ماش کی قیمت440سے450روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ سیلہ چاول 370سے380اورمسور کی دال فی کلو 270روپے میں فروخت کی جارہی ہے تاہم بازار اور مارکیٹوں میں چاول و دالوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی چیک نہیں ہے جبکہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والے سرکاری نرخ ناموں پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اور اتوار کے روز بھی گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔