پشاور (مانند نیوز)صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم و قانون جسٹس(ریٹائرڈ) ارشاد قیصر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم میں جدت اور اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماضی میں ہمارا زیادہ فوکس مقدار پر رہا ہے جبکہ موجودہ حالات میں مقدار میں اضافے کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور میں ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ(ایچ ای ڈی) حکومت خیبر پختون خواکے زیر اہتمام کوالٹی ایشورنس سے متعلق ٹریننگ مکمل کرنے والے اساتذہ کو توصیفی اسناد دینے کی ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے جبکہ اس موقع پر سیکرٹری ایچ ای ڈی محمد داؤد خان، وائس چانسلرکے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن، اسد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمودالحسن بٹ اور عمران اللہ مروت کے علاوہ مختلف کالجز کے سربراہان اور کالج اساتذہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔جسٹس(ریٹائرڈ) ارشاد قیصر نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں اعلیٰ تعلیم کا بنیادی کردار ہے اور خیبر پختون خوا جیسے پسماندہ صوبوں میں اعلیٰ تعلیم کو اہمیت دیناوقت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم میں مقصدیت کے ساتھ ساتھ تعلیم کو اپنی قومی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو وہ تعلیم دینی چاہئے جو انکی نظریاتی نشونما کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ڈیمانڈ سے بھی ہم آہنگ ہو۔ جسٹس(ریٹائرڈ) ارشاد قیصر نے کہا کہ ایچ ای ڈی نے اساتذہ کی تربیت کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس سے نہ صرف اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے تعلیمی معیار بھی بہتر ہوگا۔ سیکرٹری ایچ ای ڈی محمد داؤد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری کا لجز میں کوالٹی کا کلچر عام کرنے کے لئے محکمے کے سطح پر جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں انکے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ آج کی اس تقریب کا مقصد ان اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنھوں نے کوالٹی ایشورنس کے تحت معیاری درس و تدریس کی تربیت مکمل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ اور تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور اور اس ضمن میں درکار تمام اقدامات تر جیحی بنیادوں پراٹھائے جائیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نے کہا کہ جامعات کا مقصد محض ڈگریاں جاری کرنا نہیں ہے بلکہ نوجوان نسل کو تعلیم اور تحقیق کے بہترین مواقع فراہم ا کرنا ان اداروں کا بنیادی مقصد ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں بڑی تعداد میں جامعات کے قیام کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں ان جامعات کے تدریس اور تحقیقی معیار پر توجہ دینی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کو اپنے سماجی مسائل اور معاشرتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو نے یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ دو سو سے زائد اداروں میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل بنانے کے بعد اب ان کیو ای سیزکی ٹریننگ اور معیار کی بہتری پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جس سے نہ صرف الحاق شدہ اداروں کا تعلیمی اور تحقیقی معیار بہتر ہوگا بلکہ اس کے حوصلہ افزاء نتائج فارغ التحصیل طلباء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے صورت میں بھی سامنے آئیں گے۔آخر میں صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم و قانون جسٹس(ریٹائرڈ) ارشاد قیصر نے سیکرٹری ایچ ای ڈی داؤد خان اور وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کے ہمراہ شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیئے۔