پشاور(مانند نیوز ) پاکستانی معاشرے میں خواتین کو اکثر جائیداد سے بے دخل کردیا جاتا ہے اور ان کو ان کا شرعی اور قانونی حق نہیں دیا جاتا۔ لیکن پاکستان کا آئین اس بارے میں بالکل واضح طور پر عورتوں کو ان کا جائیداد میں حق دیتا ہے، خواتین کو غیر قانونی اور جعل سازی کے ذریعے جائیداد کی ملکیت سے محروم کیا جاتا ہے، قانون کے مطابق خواتین کو جائیداد میں اپنا حصہ حاصل کرنے کا حق ہوگا،ان خیالات کا اظہار فرزانہ جاوید ایڈوکیٹ،وہاب ایڈوکیٹ نے مردان میں ساوتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان کے جذبہ پروگرام کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،جس میں وویمن لیڈرز، کونسلر، وویمن ووٹر نیٹ ورک، یوتھ گروپ اور جذبہ ضلع فورم کے ممبران نے شرکت کی،اس موقع پر ساؤتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان جذبہ پروگرام کے لوکل ریسورس پرسن نصرت آراء نے ساؤتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان جذبہ پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور جذبہ پروگرام کے تحت ضلع مردان میں جاری سرگرمیوں بارے مکمل بریفینگ دی،وکلا نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے مطابق کوئی لڑکا جس کی عمر 18 سال سے کم ہو اور لڑکی جس کی عمر 16 سال سے کم ہو رشتہ ازدواجیت میں نہیں بندھ سکتے۔ قانون کے مطابق بغیر رضامندی اور زبردستی کی شادی غیر قانونی ہے۔چھوٹی عمر میں بچیوں کی شادیاں ایک بہت عام رواج ہے۔ خاص طور پر دیہی علاقوں میں یہ شادیاں مختلف مقاصد کے تحت کی جاتی ہیں۔ جس میں جائیداد کی حصولی، اولاد، زمیندارانہ نظام، اور دیگر وجوہات شامل ہیں۔بہت بار یہ شادیاں چھوٹی بچیوں کو اغوا کر کے بھی کی جاتی ہیں۔ جب کے پاکستان کا قانون کہتا ہے کہ ایسی کسی شادی کو کروانے والے افراد کو سزا دی جاے گی،انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے معنی پینل کوڈ کہ مطابق یہ ہیں کہ اگر کوئی شخص کسی خاتون کی عزت مجروح کرنے کی کوشش کرے، جس میں جملے کسنا، ایسی آواز منہ سے نکالنا جو خاتون کو تکلیف پہنچائیئے یا اس کو ہراساں کرے، یا جنسی تعلقات میں الفاظ سے زبردستی کرے خواہ یہ گھر میں ہوں یا دفاتر میں، ایسا شخص سزا کا مرتکب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام خواتین جو ان حالات سے گزرتی ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے قانونی ذرائع سے انصاف طلب کریں۔