سوات (مانند نیوز) تحصیل بریکوٹ کے عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز،سرکاری آٹے کے کوٹے میں کمی،غیر معیاری اور ناقص آٹا کی فراہمی پر گاؤں کوٹہ کے مقام پر چھ گاؤں کے لوگوں نے مین شاہراہ بند کردی۔محکمہ فوڈ،انتظامیہ اور حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی کی گئیں۔چھ گاؤ ں پر مشتمل ہزاروں آبادی کے لئے روزانہ کی بنیاد پر 110آٹے کے 20کلوتھیلے انتہائی ظلم و نا انصافی ہے۔ہر روز قطاروں میں اضافہ ہوتاجارہاہے روزانہ جھگڑوں سے تنگ آچکے ہیں مزید برداشت نہیں کرسکتے۔بعد میں اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ منور شاہ اور ایس ڈی پی او سرکل بریکوٹ احسا ن اللہ نے مظاہرین کے وفد سے کامیاب مذاکرات کئے۔منگل کے روز تحصیل بریکوٹ کے مضافاتی علاقوں سے چھ گاؤں کے سینکڑوں لوگوں نے سابق امیدوار برائے نظامت بخت روان کی قیادت میں گاؤں کوٹہ میں مین شاہراہ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے مکمل طو ر پر کردیا۔جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔مظاہرے کے دوران مظاہرین نے آٹے کے کوٹے میں کمی اور شموزئی فلور ملز کے ناقص آٹے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شموزئی فلور ملز جو آئے روز بند رہتاہے اور آٹا نہیں بلکہ ہم پر چوکر فروخت کرتے ہیں ہم نے بار بار انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر شموزئی فلور ملز کے بجائے سوات کے دیگر فلور ملوں کے ساتھ معاہدہ کریں کیونکہ ان کا آٹا معیاری ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ روز انہ 110آٹے کے تھیلیاں مزید نامنظور ہے ہمارے علاقے کو کم از کم روزانہ ایک ہزار تھیلوں کی اشد ضرورت ہے۔کم کوٹہ ہونے کی وجہ سے ہم بے روزگار بھی ہوچکے ہیں اور روزانہ قطاروں میں کھڑا ہونا اور لڑائی جھگڑوں سے تنگ آچکے ہیں مزید برداشت نہیں ہے۔بعد میں اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ منور شاہ اور ایس ڈی پی او سرکل بریکوٹ احسا ن اللہ نے کامیاب مذاکرات کرکے مین شاہراہ کو کھل دیا اور انہیں یقین دھانی کرائی کہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ یہاں پر آٹے کے مسائل ختم کریں۔