اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے آنے والی پولیس سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا تصادم ہوا ہے، جہاں اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔پولیس نے عمران خان کے گھر کے گیٹ کا کنٹرول سنبھال لیا اور کچھ پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہے، ایک پولیس اہلکار پتھر لگنے سے زخمی ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔ زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری زخمی ہوگئے۔ عمران خان کے گھر کے اندر شیلنگ کی گئی۔ اس سے قبل پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر کے بالکل قریب پہنچی تو ڈنڈے بردار پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا، پولیس کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان پر صرف واٹر کینن کا استعمال کیا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی کارکنان اپنے چیئرمین کی گرفتاری روکنے کے لیے زمان پارک میں بڑی تعداد میں جمع ہیں۔پولیس نے جیسے ہی زمان پارک کی جانب پیش قدمی کی پی ٹی آئی کے کارکن سامنے آ گئے جنہوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا، خوب شور شرابہ اور نعرے بازی بھی کی۔زمان پارک میں کشیدگی پھیل گئی، پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن پولیس کے سامنے آ گئے، پولیس کی جانب سے زمان پارک میں موجود واٹر کینن استعمال کی جا رہی ہے۔اس سے قبل ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک لاہور پہنچے تھے، اس موقع پر پولیس کی بکتر بند گاڑی بھی زمان پارک پہنچائی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی زمان پارک کے باہر موجود ہے، تمام تھانوں میں نفریاں اکٹھی کی جا رہی ہیں۔اینٹی رائٹ یونٹ کو آنسو گیس کے شیل بھی فراہم کیے گئے، 1 ہزار سے زائد نفری کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے لیے آنے سے قبل اسلام آباد پولیس نے لاہور پولیس کے ساتھ تعاون کے لیے مشاورت بھی کی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان بھی ردِ عمل کی صورت میں ڈنڈوں اور پتھروں سے لیس تھے۔پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے کیا کہا؟زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری نے کہا کہ ہم تو وارنٹ کی تعمیل کروانے آئے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں کیس کی تفصیلات کا پتہ ہے لیکن یہاں پر ڈسکس نہیں کر سکتے۔صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ عمران خان صاحب کو گرفتار کر کے کہاں لے جائیں گے؟ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری نے جواب دیا کہ پہلے ہو جانے دیں پھر آپ کو بتاتے رہیں گے۔توشہ خانہ کیس میں عمران کے وارنٹِ گرفتاری بحال واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے استثنیٰ کی دائر کی گئی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کر دیے تھے۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ 18 مارچ کو عمران خان کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے، پولیس کا کام ہے کہ عمران خان کو عدالت میں پیش کرے۔عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کر دی تھی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری بحال ہو گئے تھے۔بشکریہ جنگ