کرک (مانند نیوز) خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک میں بدھ کے روز یونیورسٹی سپورٹس اینڈ ہائیکنگ سوسائٹی کے زیراہتمام رنگا رنگ سپورٹس گالا 2023 کا اختتامی تقریب منعقد ہوا۔ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں رجسٹرار خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک محمد رشاد خٹک نے محتلف گیمز میں کامیاب ٹیمز کو ٹرافیاں دیں۔یونیورسٹی کی جاری کردی ایک پریس ریلیز کے مطابق سپورٹس گالا 2013 میں فٹسال، والی بال، کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، آرم ریسلنگ اور ایتھلیٹکس سمیت آٹھ کھیل کھیلے گئے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد رشاد خٹک نے کہا کہ کھیل طلباء کے نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی نشوونما کے لیے بھی ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی انتظامیہ اپنے طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی سپورٹ کرتی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ وہ سپورٹس کے مد میں سکالرشپ دینے کیلیے بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ رجسٹرار کا کہنا تھا کہ اگر یونیورسٹی قومی سطح کا ایک بھی کھلاڑی تیار کرے تو اس سے یونیورسٹی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پہچان ملے گی۔ انہوں نے اس میگا ایونٹ کے انعقاد پر یونیورسٹی سپورٹس اور ہائیکنگ سوسائٹی کے کردار کو سراہا۔ انچارج سپورٹس اینڈ ہائیکنگ سوسائٹی اور لیکچرر جیالوجی فخر الاسلام نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس گالا میں کل 13 ڈیپارٹمنٹس کے میل و فیمیل ٹیموں نے حصہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مقابلے جیتنے والی زوالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ٹیم کو سال 2023 کا چیمپیئن قرار دیا گیا، دیگر ڈیپارٹمنٹس نے بھی مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انھوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا۔