پشاور(مانند نیوز)نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا زمونگ کور کے بچوں کے ہمراہ افطار خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ یتیم ، بے سہارا اور معاشرتی مسائل شکار بچوں کی کفالت ہم سب کا فرض ہے۔ اسٹریٹ چلڈرن دراصل اسٹیٹ چلڈرن ہیں جن کی کفالت حکومت کی زمہ داری ہے۔ زمونگ کور کو درپیش مسائل حل کریں۔ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے ان خیالات کا اظہار زمونگ کور پشاور میں زیر کفالت یتیم، بے سہارا اور معاشرتی مسائل کا شکار بچوں سے ملاقات اور ان کے ساتھ افطار کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ افطار میں زمونگ کور کے 700 سے زائد بچے موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر بچوں میں گھل مل گئے اور بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے تعلیم اور مہیا سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زمونگ کور میں یتیم اور بے سہارا اور معاشرتی مسائل کا شکار بچے زیر کفالت ہیں جنھیں جدید عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کے ساتھ دینی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔ اس ادارے میں ایک سال کی بچی بھی زیر کفالت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جس بھی ادارے میں جا رہا ہوں وہاں فنڈز کی عدم دستیابی کا مسئلہ سامنے آتا ہے۔ زمونگ کور میں بھی بچوں کی خوراک کے لئے فنڈز کی کمی ہے تاہم اس ادارے کو درپیش مسائل جلد حل کریں گے۔ انہوں نے کہا یتیم، بے سہارا اور معاشرتی مسائل کا شکار ان بچوں کی کفالت میں سول سوسائٹی کو آگے آنا چاہیے اور ان کی کھلے دل سے مدد کرنی چاہیے۔ دریں اثناء ڈائریکٹر زمونگ کور میڈم نجمن النساء نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایبٹ آباد، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی زمونگ کور بنائے گئے ہیں جبکہ پشاور میں بے سہارا بچیوں کے الگ گرلز سیکشن بھی بنایا گیا جہاں 50 سے زائد بچیاں زیر کفالت ہیں۔ زمونگ کور کے بچوں کے لیے الگ سکول کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول پر کارروائی جاری ہے۔ نگران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ زمونگ کور کے بچوں کو مختلف ہنر سکھا کر معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لیے سرکاری ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کیا گیا ہے۔ بچے کارپیٹنگ و الیکٹریشن وغیرہ کی مہارتیں سیکھ چکے ہیں۔ اسی طرح زمونگ کور کے بچوں کو نفسیاتی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے جبکہ بچوں کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے آرٹ اینڈ میوزک سکول بھی بنایا گیا۔ اس موقع پر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا کہنا تھا کہ زمونگ کور کی سولرائزیشن اور فنڈز عدم فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ بعد ازاں نگران صوبائی وزیر بچوں کے ساتھ کھیل میں بھی شامل ہوئے۔