اورکزئی (مانند نیوز) اورکزئی میں مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اب تک سینکڑوں مستحق خاندانوں کو شفاف انداز میں مفت آٹا فراہم کردیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی نذیر احمد خان تنولی ہمراہ ڈپٹی کمشنر اورکزئی حافظ طیب عبداللہ نے اس سلسلے میں مختلف ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی پی او اورکزئی نے اس موقع پر واضح کر دیا کہ حکومت کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد لینے والے نادار گھرانوں کیلئے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں فری آٹے کی تقسیم پولیس کے سخت سیکورٹی میں جاری ہے اور عوام کو کسی بھی بدنظمی سے بچانے اور رمضان المبارک میں بہترین انداز میں فری آٹے کی تقسیم کیلئے باقاعدہ سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے شہریوں کو باعزت طریقے سے فری آٹے کی تقسیم کے لئے مختص ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر پولیس افسران اور جوان اپنی فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔جس کی نگرانی متعلقہ سب ڈویژنل پولیس افسران خود کررہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لئے ایس ایچ اوز خود ان مقامات پر موجود ہوتے ہیں جبکہ خواتین اور بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ڈی پی او اورکزئی نذیر احمد خان تنولی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آٹے کے حصول کیلئے اپنی باری کا انتظار کریں، بدنظمی سے گریز کریں اور سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کیساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔