جمرود(نمائندہ مانند)خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ضلع خیبر کا پی اینڈ ڈی اور فنانس سیکرٹری کے خلاف دھواں دار پریس کانفرنس۔۔۔۔خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ضلع خیبر نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ہمارے برادری کے مرکزی تنظیم آل ٹرائبل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن فاٹا کے مشران کی تگ و دو کے نتیجے میں وفاقی حکومت نے 4ارب 60 کروڑ کی رقم فوری طور پر ریلیز کریں جبکہ سیکرٹری فنانس ڈپارٹمنٹ کی مجرمانہ غفلت اور کرپشن کا نوٹس لیکر انہیں فوری صوبہ بدر کیا جائے۔جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر کنٹریکٹرز کے مشران صدر خیال جان آفریدی،جنرل سیکرٹری موسیٰ خان اور درجن بھر سینئر ٹھیکیداروں نے واضح کیا ہے کہ دو ماہ قبل وفاق سے ٹھیکیداروں کی بقایا جات کی مد میں خیبر پختونخوا کو 4ارب 60 کروڑ کی رقم ریلیز ہو چکی ہے اس لئے اس کو ہنگامی طور پر لائبیلیٹی کے مطابق ترقیاتی محکموں کو ادائیگیاں کی جائے تاکہ فاٹا میں جاری اہم منصوبے پائیہ تکمیل تک پہنچ جائے۔انہوں نے پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈپارٹمنٹ نے فاٹا کی ترقیاتی فنڈ میں بندر بانٹ کرکے ترقیاتی سکیموں کے بقایاجات کیلئے وفاق سے منظور شدہ اس رقم پر ڈاکہ ڈال دیا ہے اور صوبائی ملازمین کے تنخواہوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے کا مجرمانہ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی اینڈ ڈی نے2500 ملین روپے الگ کر دئے جبکہ باقی ماندہ رقم کو محکمہ فنانس وپی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ نے کھل عام اپنی کمیشن کیلئے 5 فیصد سے لیکر 8فیصد تک رقم اثر ورسوخ رکھنے والے ٹھیکیداروں سے رشوت و کمیشن مانگنا شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آل ٹرائبل کنٹریکٹرز کے مشران نے گورنر خیبر پختونخوا، وفاقی وزراء اورقبائلی پارلیمنٹیرین تک اس گمرہ کن کرپشن کے خلاف آواز اٹھاکران کو تحریری شکایتیں کیں،پریس کانفرنسز بھی کیں،احتجاج بھی ریکارڈ کیا لیکن ابھی تک خیبر پختونخواکے کرپٹ فنانس سیکرٹری آیاز علی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیااور آج تک وہ ٹھیکیداروں کے جائز بقایاجات اور ان کی محنت وجدوجہدسے وفاق سے منظور شدہ 4ارب 60کروڑ روپے پر ڈاکہ ڈالے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں جس طرح دیگر سوسائیٹیزاور سماجی حلقے حکومتی نظام کی جبر اور نا انصافی کا شکار رہا ہے اس سے زیادہ آج کل قبائلی مرجڈ اضلاع کے ٹھیکیدار برادری کے ساتھ بھی امتیازی سلوک کرکے گزشتہ ایک سال سے جان بوجھ کر ان کو معاشی طور پر مفلوج کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ظالم پی اینڈ ڈی اور فنانس ڈپارٹمنٹ کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی مجرمانہ فعل پر تا حال کسی بھی حکومتی ادارے نے کوئی ایکشن یا نوٹس نہیں لیا جبکہ اس سلسلے میں گزشتہ روز سے ہمارے آل ٹرائبل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مشران نے چیف سیکرٹری،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور درجن بھر دیگر سیکرٹریوں سے رمضان کے اس مقدس مہینے میں ملاقاتیں کرکر کے تھک گئے لیکن انہیں صرف طفل و تسلیوں کے علاوہ کوئی چیز ہاتھ نہیں آیا اور ہمارے مرجڈ اضلاع کے لئے منظور شدہ اس رقم پر مذکورہ سیکرٹری فنانس قابض رہا ہے جو کہ نگراں حکومت اور وفاقی حکومت لئے باعث شرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے اس جائز مطالبے کو تسلیم نہ کیا گیا تو ہم سیکرٹری فنانس اور پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ کا گھیراؤ کریں گے اور جو نقصان ہو ا اس کا ذمہ دار سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور صوبائی حکومت کے نگراں ادارے ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ضلع خیبر کی ٹھیکیدار برادری یعنی خیبر کنٹریکڑز ایسوسی ایشن اپنے مرکزی قائدین آل ٹرائبل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ جب بھی حکم دیں گے ہم ضلع خیبر کے تمام ٹھیکیدار برادری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا نمائندوں کے ذریعے نگراں حکومت کے وزیر اعلیٰ،گورنر خیبر پختونخوا اور کور کمانڈر سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ فنانس سیکرٹری کی کھل عام رشوت،کمیشن خوری اور قبائلی مرجڈ اضلاع کے فنڈز پر سودہ بازی کرنے سے روک دیں اس کا سختی سے نوٹس لیکر تحقیقات کی جائے بصورت دیگر ہم باجوڑ سے لیکر وزیریستان تک کے گورنمنٹ کنٹریکٹرز اپنے بال بچوں کے ساتھ سی ایم سیکرٹریٹ اور سیکرٹری فنانس کے تمام دفاتر کو احتجاج کے طور پرجام کرکے رکھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے پورے مرجڈ اضلاع میں لاکھوں مزدور فاقے کا شکار ہے اور ہر ٹھیکیدار کے ساتھ کم از کم 50 سے 20تک ٹیکنیکل سٹاف بھی متاثر ہو رہا ہے۔اس لئے قبائلی ٹھیکیداروں کا مزید استحصال بند کیا جائے۔