اسلام آباد()اسلام آباد کی عدالت نے آڈیو کیس میں گرفتار پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کو 1 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کی جانب سے علی امین گنڈا پور کو منہ پر کپڑا ڈال کر ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو کل انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت میں پراسیکیوٹر نے ایف آئی آر کی تفصیلات پڑھ کر سنائیں۔
پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرانا ہے اور جہاں کیمپ تھا وہاں سے ثبوت اکٹھے کرنے ہیں، آڈیو میں علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد میں حملہ آور ہونے کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے پولیس کے خلاف اسلحہ اکٹھا کرنے سمیت دھمکیاں دیں، ملزم نے اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی دھمکیاں دیں، سب دفعات شدید نوعیت کی ہیں جن پر ضمانت نہیں ہو سکتی، اسلام آباد اور پنڈی کے وسط میں اسلحہ جمع کرنے کا کہا گیا، اسلام آباد پر بزورِ طاقت قبضہ کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ یہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کا حصہ ہے، ان تمام دفعات میں ضمانت نہیں ہو سکتی، ان کیسز میں 90 دن تک ریمانڈ پر بھیجا جا سکتا ہے۔