پشاور(مانند نیوز ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی واپسی کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ضلع خیبر اور تحصیل تیارزہ (جنوبی وزیرستان) میں پی ٹی آئی کے عسکری ونگ ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے ہمارے بھائیوں کو شہید کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے بیان میں صدر اے این پی خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی واپسی کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران نیازی، عارف علوی، محمود خان اور بیرسٹر سیف کو گرفتار کیا جائے۔ایمل ولی نے کہا کہ تختِ پنجاب کی لڑائی میں مصروف سیاستدانوں کو علم ہی نہیں ہوگا کہ ضلع خیبر اور تحصیل تیارزہ (جنوبی وزیرستان) میں پی ٹی آئی کے عسکری ونگ ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے ہمارے بھائیوں کو شہید کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ ہم ایک بار پھر دہراتے ہیں کہ دہشت گردوں کو واپس لینے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن کے فیصلوں سے پہلے ان افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو ان دہشت گردوں کی واپسی کے ذمے دار ہیں۔اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ایمل ولی پی ٹی آئی رہنمائوں پر تنقید کر چکے ہیں۔