پشاور(مانند نیوز ) غیر سرکاری تنظیم نیا سوچ ویلفئیر آرگنائزیشن مردان کی چئیر پرسن فیہمہ بیگم نے کہاہے یتیم اوربے آسرا بچے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہیں، یتیم بچوں کا ہم سب پر پورا حق ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یتیم بچوں کواپنا بچہ سمجھیں اورانہیں معاشرے کا ایک باوقار شہری بنانے میں اپنا پورا حصہ ڈالیں، یہ بات انہوں نے انجمن سرحدی یتیم خانہ مردان میں یتیم بچوں کے اعزازمیں افطار پارٹی سے خطاب کے دوران کہی، تقریب میں سول سوسائٹی کے محمد عارف،فیاض الاسلام،کانسپٹ کاپوریشن کے محمد عارف خان،خاتون سوشل ورکر وصحافی سدرہ آیان اور یتیم خانہ میں زیرکفالت یتیم بچوں نے شرکت کی اورفیہمہ بیگم نے ان یتیم بچوں کے ساتھ ملکر روزہ افطار کیا۔ فیہمہ بیگم نے کہا کہ یتیموں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے تاہم معاشرے کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ قرآن کریم میں بھی یتیم بچوں پر خصوصی توجہ کے احکامات ہیں، حضور کا ارشاد ہے کہ جو شخص یتیم بچوں کی کفالت کرے گا، وہ قیامت کے دن آپ کے ساتھ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یتیم بچے ہماری پوری توجہ کے حامل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام ہمیں یتیموں کے ساتھ شفقت، محبت کے ساتھ پیش آنے کا درس دیتاہے۔