راجن پور(مانند نیوز ڈیسک)راجن پور میں کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن 21 ویں روز بھی جاری رہا، 4 ڈاکو ہلاک اور 20 سہولت کار گرفتار ہوئے۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کچہ میانوالی اور چک بیلے شاہ میں پولیس کے تازہ دم دستے پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی ڈاکوئوں کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے، پولیس اورڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس نے ڈاکوئوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کر دیں۔ انہوںنے کہا کہ اب تک 4 ڈاکو ہلاک اور 20 سہولت کاروں کو گرفتار کیاجا چکا ہے۔ڈی پی او نے کہا کہ ڈاکوئوں سے کچے کا ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا لیا گیا اور پولیس چوکیاں بھی قائم کی گئیں۔